پنجاب حکومت نے دیہات میں بائیو گیس پلانٹس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جس سے گوبر کا مؤثر انتظام ہوگا اور توانائی کی فراہمی ممکن ہوگی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کے دیہات میں گوبر کے مؤثر انتظام کے لیے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ پہلی بار گوبر کولیکشن پوائنٹس قائم کیے جائیں گے، جس سے 25 دیہات میں بائیو گیس پلانٹس کی تنصیب ممکن ہوگی۔
منصوبے کے تحت پنجاب کے دیہات میں صفائی اور گیس کی فراہمی کے لیے تین ارب روپے کی لاگت سے بائیو گیس پلانٹس لگائے جائیں گے۔ یہ پلانٹس ماڈل دیہات میں قائم کیے جائیں گے، جہاں سے گیس گھروں تک سلنڈرز میں پہنچائی جائے گی۔
بائیو گیس پلانٹس میں تیار کردہ گیس کو کمپریس کر کے سلنڈرز میں بیچا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ماڈل دیہات میں سیل پوائنٹس قائم کیے جائیں گے، جہاں سے گیس سلنڈرز کی ڈیلیوری کی جائے گی۔
یہ منصوبہ نہ صرف دیہات کی صفائی میں مددگار ہوگا بلکہ گیس کی فراہمی کے ذریعے توانائی کی ضروریات بھی پوری کرے گا۔ ویلیج آرگنائزیشن کمیٹی ان سیل پوائنٹس کو چلائے گی اور سلنڈرز کی فروخت کا انتظام کرے گی۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ پنجاب حکومت نے دیہات کے لیے اس طرح کی جدید منصوبہ بندی کی ہے، جس کا مقصد دیہی علاقوں میں صفائی اور توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔















