لاہور میں چالان جمع نہ کروانے والی سرکاری گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا، ایڈیشنل سیشن جج سمیت متعدد گاڑیاں پکڑی گئیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور میں چالان جمع نہ کروانے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر اطہر وحید کے مطابق، چالان جمع نہ کرانے پر ایک ایڈیشنل سیشن جج سمیت متعدد سرکاری گاڑیاں پکڑی گئیں۔ یہ گاڑیاں ای چالان جمع نہ کرنے پر روکی گئیں۔
اطہر وحید نے بتایا کہ ایڈیشنل سیشن جج کی گاڑی کے 9 چالان تھے، جن کا 4300 روپے جرمانہ جمع کروانے کے بعد گاڑی کو چھوڑا گیا۔ محکمہ داخلہ کے سیکشن آفیسر کے ذمہ 7 چالان تھے۔
اس کے علاوہ سرکاری بینک کی گاڑی کو 10 اور لیسکو کی گاڑی کو 14 چالان پر پکڑا گیا جبکہ اوور سیز کے ڈائریکٹر اور سائبر کرائم کی گاڑیوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی او نے کہا کہ پکڑی جانے والی تمام گاڑیوں کو چالان کی ادائیگی کے بعد چھوڑا گیا۔














