پاور ڈویژن کے مطابق، ایل این جی کی دستیابی سے پیک ٹائم لوڈ منیجمنٹ ختم ہوسکتی ہے، جبکہ پانی کی کم طلب کی وجہ سے پن بجلی کی پیداوار کم ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاور ڈویژن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایل این جی کی دستیابی سے پیک ٹائم لوڈ منیجمنٹ ختم ہوجائے گی۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق، گزشتہ رات صوبوں کی ڈیمانڈ کی بدولت پیک ٹائم میں ڈیموں سے پانی کے اخراج سے 4950 میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ پن بجلی کی کل استعداد 11500 میگاواٹ ہے اور پن بجلی اب بھی اپنی استعداد سے تقریباً 6000 میگاواٹ کم پیدا ہورہی ہے، اس کی بنیادی وجہ صوبوں سے پانی کی کم طلب ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق، ملک کے جنوب سے سینٹر میں 400 میگاواٹ گرڈ میں استحکام کی بدولت ترسیل جاری رہی۔ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے کل رات پیک ٹائم میں ڈیمانڈ میں اضافے کی بدولت 2 سے ڈھائی گھنٹے تک کی لوڈ مینجمنٹ کی۔
واضح رہے کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کی وجہ سے 5500 میگاواٹ کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی، جبکہ عالمی حالات اور پانی کی کم طلب کی بدولت رات میں شارٹ فال کا سامنا ہوتا ہے۔















