اسلام آباد میں پراپرٹی ویلیوایشن میں تبدیلی، ایف بی آر نے جائیداد کے ریٹس میں کمی کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ اسلام آباد میں رہائشی اور کمرشل پراپرٹی کی ویلیوایشن میں تبدیلی کر دی گئی۔
ایف بی آر نے غیر منقولہ جائیداد کے ریٹس میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ 5 سال تک کی عمارت کی قیمت 3 ہزار سے کم ہو کر 2500 روپے فی مربع فٹ مقرر کی گئی ہے۔ 5 سال سے پرانی عمارت کی قیمت 1500 سے کم ہو کر 1200 روپے فی مربع فٹ کر دی گئی ہے۔
بی 17، سی 14 اور سی 15 سیکٹرز میں پلاٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ڈی 12 میں فلیٹس اور کمرشل پراپرٹی کی ویلیوایشن بھی کم کر دی گئی ہے۔ جی 13 سے جی 17 تک مختلف سیکٹرز میں بھی قیمتیں کم ہو گئی ہیں۔
مارگلہ ٹاؤن، چک شہزاد اور بنی گالا میں بھی سرکاری قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ مختلف ایریاز میں پراپرٹی کے سرکاری ریٹس میں 30 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی ہے، تاہم بلیو ایریا اور بڑے کمرشل علاقوں کی قیمتیں زیادہ تر برقرار ہیں۔
واضح رہے کہ یہ تبدیلیاں پراپرٹی مارکیٹ کو متحرک کرنے کے لیے کی گئی ہیں، تاکہ سرمایہ کاری بڑھ سکے اور معیشت کو تقویت ملے۔














