وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا، نئی قیمت آج رات سے نافذ ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا۔ ان کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر ہوگی اور اس کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔
اس اعلان کے بعد وزارت توانائی کے پٹرولیم ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق موٹر گیسولین یعنی پیٹرول پر ریٹیل آؤٹ لیٹس کے لیے پیٹرولیم لیوی 80.61 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی 2.50 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
وزارت توانائی کے نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ 80 روپے فی لیٹر کمی صرف پیٹرول کی پیٹرولیم لیوی میں کی گئی ہے۔ پیٹرول پر ریٹیل لیوی 160.61 روپے سے کم ہو کر 80.61 روپے فی لیٹر رہ گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ریٹیل لیوی پہلے ہی صفر رکھی گئی ہے، اس لیے ڈیزل پر 80 روپے فی لیٹر کمی نہیں کی گئی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نئی شرحیں 4 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوں گی اور اگلے حکم تک برقرار رہیں گی۔ اسی دستاویز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈائریکٹ سیل کے لیے پیٹرولیم لیوی 8.64 روپے فی لیٹر اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی 2.50 روپے فی لیٹر مقرر ہے۔
وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ حکومت نے عوام کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے شدید اثرات سے بچانے کے لیے گزشتہ 3 ہفتوں میں 129 ارب روپے خرچ کیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کا پورا بوجھ براہ راست عوام پر منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کو ایک لیٹر پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی۔ اسی طرح مال بردار ٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی ایک ماہ تک 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ریلیف دیا جائے گا تاکہ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا دباؤ کم رکھا جا سکے۔
وزیر اعظم کے مطابق چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار روپے اور پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کو 1 لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریلوے کے 15 کلاس کے ڈبوں میں مسافروں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خلیج میں جاری جنگ کے باعث عالمی تیل منڈی شدید دباؤ میں ہے اور اس کے اثرات پاکستان تک پہنچ رہے ہیں۔ ان کے بقول نائب وزیر اعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت امن کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلے ایوان صدر اور وزیراعظم ہاؤس میں قومی قیادت کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد کیے گئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ریلیف اقدامات چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان پر بھی لاگو ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایک روز پہلے جاری سرکاری فیصلوں کے تحت پیٹرولیم لیوی کی شرح زیادہ تھی۔ نئے نوٹیفکیشن سے اب یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ 80 روپے فی لیٹر کمی صرف پیٹرول پر دی گئی ہے، جبکہ ڈیزل کے لیے ایسی کمی کا اعلان نہیں کیا گیا۔
















