جاپان میں ایک شخص نے لاٹری جیت کر بیوی سے خفیہ پرتعیش زندگی گزاری اور بعد میں مالی تحفظ یقینی بنایا۔
ٹوکیو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جاپان میں ایک 66 سالہ شخص نے لاٹری سے 60 کروڑ ین (ایک ارب پاکستانی روپے سے زائد) جیتنے کے بعد اپنی اہلیہ سے یہ رقم خفیہ رکھی اور خفیہ طور پر پرتعیش زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔
مذکورہ شخص، جسے ’ایس‘ کے نام سے شناخت کیا گیا ہے، اپنی بیوی کے ساتھ ٹوکیو میں رہائش پذیر ہے اور دونوں کی مجموعی پنشن 3 لاکھ ین بنتی ہے۔ ایس کی اہلیہ کفایت شعار تھیں، اسی لیے انہوں نے شوہر کو غیر ضروری خرچوں سے روکے رکھا۔ ایس نے لاٹری جیتنے کی اصل رقم بتانے کے بجائے صرف 50 لاکھ ین کا ذکر کیا اور باقی رقم خفیہ رکھ لی۔
ایس نے اعتراف کیا کہ لاٹری جیتنا اس کے لیے حیران کن تھا اور کچھ وقت تک خوفزدہ بھی رہا۔ بعدازاں اس نے خفیہ طور پر لگژری گاڑی خریدی، مختلف ریزورٹس میں قیام کیا اور جاپان بھر کا سفر کرتے ہوئے چھ ماہ میں ایک کروڑ 80 لاکھ ین خرچ کیے۔ وہ شک سے بچنے کے لیے روزانہ نئی گاڑی کو زیرِ زمین پارکنگ میں چھپا دیتا اور پرانے کپڑے پہن کر گھر جاتا۔
پرتعیش مگر خفیہ زندگی گزارنے کے باوجود اسے تنہائی، پچھتاوے اور ذہنی دباؤ کا سامنا ہونے لگا۔ ایس نے بتایا کہ اگر یہ رقم اس نے محنت سے کمائی ہوتی تو وہ فخر محسوس کرتا، مگر اچانک ملی دولت نے اس کی زندگی کو ہلا کر رکھ دیا۔
بعدازاں اس نے ایک ماہرِ نفسیات سے مشاورت کی اور 50 کروڑ ین کی انشورنس پالیسیاں اپنی اہلیہ اور بچوں کے نام سے خرید کر خاندان کے مستقبل کے لیے مالی تحفظ یقینی بنایا۔















