سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے وضاحت کی کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے نہیں چل رہا اور جیل میں موبائل یا انٹرنیٹ کی سہولت نہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے آپریٹ ہونے کا تاثر غلط ہے۔ جیل حکام کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان سخت نگرانی میں ہیں اور ان کے پاس موبائل یا کسی ممنوعہ چیز کی موجودگی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
جواب میں بتایا گیا کہ جیل میں موبائل فون سگنلز جیمر نصب ہیں جس کی وجہ سے جیل کے اندر اور اطراف میں موبائل سگنلز مکمل طور پر بند رہتے ہیں۔ عمران خان اور ان کے اسٹاف کی مستقل تلاشی لی جاتی ہے تاکہ کسی ممنوعہ سہولت تک رسائی ممکن نہ ہو۔
سپرنٹنڈنٹ جیل نے مزید کہا کہ ماضی میں جیل سے دی گئی سیاسی ہدایات نے معاشرتی تشدد کو ہوا دی، لیکن فی الحال ان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے نہیں چل رہا۔ اکاؤنٹ جیل کے باہر سے کوئی چلا رہا ہے اور جیل میں نہ موبائل اور نہ انٹرنیٹ کی سہولت ہے۔















