خیبرپختونخوا کابینہ کے 10 ارکان نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے حلف اٹھا کر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی 13 رکنی کابینہ میں 10 وزراء، دو مشیر اور ایک معاون خصوصی شامل ہیں۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کابینہ کے 10 ارکان نے عہدے کا حلف اٹھا کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ان سے حلف لیا۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی بھی اس تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔ حلف لینے والوں میں مینا خان آفریدی، ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم آفریدی، فضل شکور خان، خلیق الرحمان، ریاض خان، سید فخر جہان، عاقب اللہ خان اور فیصل خان شامل تھے۔
حلف برداری کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزرا کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب میں چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے 13 رکنی کابینہ تشکیل دی تھی، جس میں 10 وزراء، دو مشیر اور ایک معاون خصوصی شامل ہیں۔ مشیر کے طور پر مزمل اسلم اور تاج محمد اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ شفیع جان معاون خصوصی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔













