اگر دونوں فریق راضی ہوں تو اسلام آباد بات چیت کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے اہم سفارتی پیشکش کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ اگر دونوں فریق راضی ہوں تو اسلام آباد بات چیت کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے اور مذاکرات کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہوگا۔
تاہم، فی الحال پاکستان میں کسی باضابطہ مذاکرات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ لیکن اسلام آباد اصولی طور پر میزبانی کے لیے تیار ہے، انہوں نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو میں یہی مؤقف دہرایا۔
ایران نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان اس وقت کوئی مذاکراتی عمل جاری نہیں اور امریکہ مذاکرات کے بہانے وقت ضائع کرنا اور بڑے جنگی حملوں کے لئے تیاری کرنا چاہتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 15 نکات پر مشتمل ایک معاہدہ طے پا چکا ہے،
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق پاکستان پس پردہ سفارتی کوششوں میں سرگرم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کر رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی امید ہے۔











