لاہور قلندرز کا پی ایس ایل کے ساتھ 10 سالہ معاہدہ کی تجدید

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے ساتھ مزید دس سالہ معاہدہ تجدید کیا ہے، جو لیگ کی مضبوطی اور مستقبل پر اعتماد کی علامت ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتھ مزید دس سال کے لیے معاہدہ تجدید کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ای وائی کی جانب سے کی گئی ویلیوایشن کے بعد کیا گیا، جسے پی ایس ایل کی مضبوطی اور مستقبل پر اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے معاہدے کی تجدید اس بات کا ثبوت ہے کہ فرنچائز کو لیگ کے مستقبل پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلندرز کے مالکان نے اپنی ٹیم کو ایک عالمی برانڈ میں تبدیل کر دیا ہے، جو پاکستان کرکٹ کی پہچان بن چکا ہے۔

سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے بتایا کہ اگلے سال پی ایس ایل اپنے 11ویں ایڈیشن سے آٹھ ٹیموں تک توسیع حاصل کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کا جذبہ، توانائی اور مسلسل محنت لیگ کی شناخت ہے، اور قلندرز کی ٹیلنٹ نرسری نے پاکستان کرکٹ کو نیا اور معیاری ٹیلنٹ فراہم کیا۔

شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے گزشتہ چار برسوں میں تین ٹائٹل جیت کر اپنی برتری ثابت کی ہے۔ پی سی بی نے یقین دلایا ہے کہ لاہور قلندرز کے ساتھ مضبوط شراکت داری آئندہ بھی جاری رہے گی۔

اس سے پہلے پشاور زلمی نے بھی پاکستان سپر لیگ کے ساتھ مزید دس سال کے لیے معاہدہ تجدید کر دیا تھا۔

دیگر متعلقہ خبریں