پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک، 3 اہلکار شہید۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں نے خودکش حملہ کیا، جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ حملے میں خودکش بمبار سمیت 3 دہشتگرد ہلاک اور 3 اہلکار شہید ہوئے۔
سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ تین خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا، ایک نے خود کو گیٹ پر دھماکے سے اڑایا۔ دھماکے میں گیٹ پر تعینات 3 اہلکار شہید ہو گئے۔ دو حملہ آور اندر داخل ہونے کی کوشش میں ہلاک ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 5 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جن میں دو ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سی سی پی او نے مزید کہا کہ ایف سی اہلکار ہائی الرٹ تھے، اسی لیے حملہ آوروں کو اندر داخل ہونے سے روکا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کر دیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔















