ضمنی انتخابات: ن لیگ کی تین قومی اور ایک پنجاب نشست پر کامیابی

ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی تین قومی اور ایک پنجاب اسمبلی نشست پر کامیابی، غیر حتمی نتائج جاری۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 6 اور پنجاب اسمبلی کی 7 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 3 قومی اور ایک پنجاب اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔

لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفر گڑھ میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ ابتدائی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ نعمان نے این اے 129 لاہور سے 63441 ووٹ حاصل کرکے جیت حاصل کی جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ارسلان حمد 29099 ووٹ حاصل کر سکے۔

ڈی جی خان کے حلقہ این اے 185 میں مسلم لیگ ن کے محمود قادر لغاری نے 82413 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد کھوسہ 49262 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

چیچہ وطنی کے حلقہ این اے 143 میں مسلم لیگ ن کے محمد طفیل نے 136223 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد امیدوار ضرار اکبر چوہدری 13120 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 203 ساہیوال پر ن لیگ کے چوہدری حنیف جٹ نے 46820 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد امیدوار فلک شیر ڈوگر 10975 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ابتدائی غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ نے بیشتر نشستوں پر برتری حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی نے مظفر گڑھ کی ایک صوبائی نشست میں برتری حاصل کی۔

دیگر متعلقہ خبریں