لاہور میں گھروں میں کام کے بہانے چوری کرنے والا مستری مزدور گروہ گرفتار، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور میں گھروں میں کام کے بہانے وارداتیں کرنے والے مستری مزدوروں پر مشتمل گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چوکی صوئے اصل پولیس نے کاہنہ سے ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے کہا کہ ملزمان دن کے اوقات میں گھروں میں مستری مزدور کا کام کرتے تھے اور کام کے دوران گھروں میں داخل اور فرار ہونے کی معلومات حاصل کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان رات گئے گھروں سے قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہو جاتے تھے۔ ان کے قبضے سے چوری شدہ دو موٹر سائیکلیں، پانی کی موٹریں، دو لاکھ سے زائد نقدی، سلور تار، دو پستول اور تین موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔
شہربانو نقوی نے مزید بتایا کہ ملزمان گل فراز اور زبیر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔















