پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (CCD) کے مبینہ مقابلوں میں تیزی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں 11 ملزمان ہلاک۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (CCD) کے مبینہ مقابلوں میں تیزی آ گئی ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں ایک ہی دن میں 5 مبینہ مقابلے ہوئے، جن میں 11 ملزمان ہلاک ہوئے۔
پولیس کے مطابق لاہور میں 6 ملزمان مارے گئے، جبکہ مقابلے ڈیفنس، اقبال ٹاؤن اور چوہنگ میں ہوئے۔ شیخوپورہ میں CCD اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 ملزمان ہلاک ہوئے۔
ساہیوال میں بھی CCD کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو مارے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان نے گزشتہ روز اڈیالہ روڈ پر ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے ایک دکاندار کو قتل کیا تھا۔
موٹر سائیکل سوار 5 ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو کر ایک گھر میں داخل ہوئے، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مقابلے جاری رہیں گے تاکہ جرائم پر قابو پایا جا سکے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں CCD کے یہ مقابلے مختلف اوقات میں جاری رہتے ہیں، جس پر انسانی حقوق کے ادارے تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔














