آئی ایم ایف نے پاکستان کو کرنسی کی قدر ایڈجسٹ کرنے کا مشورہ دیا، جس سے روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی کرنسی کی قدر کو حقیقی مؤثر شرح تبادلہ کے مطابق ایڈجسٹ کرے جس سے روپے کی قدر میں مزید کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
ماہرین کے مطابق، اگر یہ اقدام اٹھایا گیا تو پاکستانی روپے کی قدر 280 روپے فی ڈالر سے کم ہو کر 290 سے 300 روپے فی ڈالر تک جا سکتی ہے۔
یہ تجویز اس وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان آئندہ وفاقی بجٹ کی تیاری کر رہا ہے اور عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ معاشی اصلاحات پر مذاکرات جاری ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمزور کرنسی سے برآمدات کو فائدہ ہو سکتا ہے لیکن اس کے ساتھ ایندھن اور خام مال کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی میں اضافے کا خطرہ ہے۔
پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ مالیاتی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات پر کام کر رہا ہے جن میں محصولات میں اضافہ اور ایکسچینج ریٹ کو لچکدار رکھنا شامل ہے۔














