وزیراعظم شہباز شریف نے مصنوعی قلت کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت دی ہے اور پیٹرولیم کمیٹی کو فوری تجاویز پیش کرنے کا کہا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔ انہوں نے ملک میں معاشی دباؤ کے پیش نظر سادگی اور بچت پر مبنی لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی معاشی صورتحال پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ کشیدگی اور خطے پر پڑنے والے معاشی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے پیٹرولیم کمیٹی کو 48 گھنٹوں کے اندر قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام پر بوجھ کم سے کم ہو سکے اور ریلیف کو اولین ترجیح دی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے اور کمیٹی کو فعال طور پر کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم صوبوں کا دورہ کریں تاکہ صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔















