راولپنڈی کی عدالت نے 9 مئی حملہ کیس میں 47 اشتہاری ملزمان کو 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں 47 اشتہاری ملزمان کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے ان پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا اور ان کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا۔
عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اس فیصلے میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب اور راشد شفیق کو مجرم قرار دیا ہے۔ ان پر الزام تھا کہ وہ جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث تھے۔
عدالت نے بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق یہ ملزمان پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار تھے۔ اس کیس میں 118 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی جن میں سے 18 دوران ٹرائل غیر حاضر رہے۔
پراسیکیوشن کی درخواست پر عدالت نے ان اشتہاری ملزمان کے علیحدہ ٹرائل کا آغاز کیا، اور ان کے اشتہارات جاری کیے گئے۔ عدالت نے ملزمان کو سرنڈر کرنے کا موقع دیا مگر کوئی پیش نہیں ہوا۔















