آپریشن غضب لِلحق میں 331 طالبان ہلاک، 104 چوکیاں تباہ کی گئیں، 500 سے زائد زخمی ہوئے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن غضب لِلحق کے دوران 331 افغان طالبان ہلاک، 104 چوکیاں تباہ اور 22 پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں 500 سے زائد طالبان زخمی بھی ہوئے ہیں۔
تارڑ نے مزید بتایا کہ پاکستانی فورسز نے افغان طالبان کے 163 ٹینک اور فوجی گاڑیاں تباہ کیں جبکہ افغانستان میں 37 مقامات کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور افغان حکومت کے درمیان گٹھ جوڑ واضح ہو چکا ہے اور پاکستان عالمی برادری کو آگاہ کر چکا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم کے ترجمان مشرف زیدی نے کہا کہ افغانستان کے خلاف اعلان جنگ ضروری نہیں، تاہم سرحد پار کارروائیاں جاری رہیں گی جب تک طالبان اور دہشتگرد گروہوں کا تعلق ختم نہ ہو جائے۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ اس لڑائی میں 12 پاکستانی فوجی شہید اور 27 زخمی ہوئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔















