اقوام متحدہ نے پاکستان اور افغانستان کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اپیل کی ہے، کشیدگی کے حل کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون، خاص طور پر انسانی حقوق کے قوانین کی پاسداری کریں۔
انتونیو گوتریس نے دونوں ممالک کو انکی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ قانونی اصولوں کی سختی سے پابندی کریں۔
انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے سرحدی جھڑپوں اور مہلک فضائی حملوں کے بعد دونوں ممالک کو مسائل کے حل کے لیے باہمی مذاکرات کی اپیل کی ہے۔
پاکستانی حکام نے افغان طالبان کے بلا اشتعال حملوں کے جواب میں کابل، پکتیا اور قندھار میں طالبان کے دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا، جس میں طالبان کے 133 اہلکار ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستانی سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں کا دعویٰ کیا، جسے انہوں نے پاکستانی بمباری کا جواب قرار دیا۔













