پنجاب میں 20 ہزار سڑکوں کی تعمیر کا اعلان، اہم ترقیاتی منصوبے منظور

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 20 ہزار سڑکوں کی تعمیر سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی، جن میں 20 ہزار سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔ اجلاس میں مریم نواز نے وزرا اور انتظامیہ کو اہداف پورے کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ تھل ایکسپریس وے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 50 ہزار خاندانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ پنجاب میں 30 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر اور مرمت ہوگی۔ ماڈل ویلج کے قیام کا ہدف دسمبر 2026 تک مقرر کردیا گیا ہے، جہاں نکاسی اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں پہلی فارماسیوٹیکل زون کے قیام پر بھی اتفاق ہوا اور واسا کے مراکز کی تعداد 5 سے بڑھا کر 19 کر دی گئی۔ پانی کو محفوظ بنانے کے لیے 1 ہزار ری چارج ویل اور 100 سے زائد واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔ وہاڑی ملتان روڈ کو جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مزید براں، اجلاس میں کسان کارڈ کے تیسرے فیز کے لیے 43 ارب روپے کے قرضے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ہائی ٹیک میکانائزیشن فنانس اسکیم کے تحت جدید ترین مشینری فراہم کی جائے گی۔ پنجاب میں 96 فیصد امراض قلب کے مریضوں کو ادویات کی فراہمی کا ہدف پورا کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں پنجاب میں ای بس سروس اور بس شیلٹرز کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبے میں خواتین کو 10 ہزار مویشی فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا اور ایک لاکھ ٹن میٹ کی ایکسپورٹ کے اقدامات کا اعلان کیا گیا۔

دیگر متعلقہ خبریں