پاک فوج نے دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیوں کا اعلان کیا ہے۔ بنوں میں حملے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اعلان کیا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف ان کی موجودگی کے مقام سے قطع نظر بلا تفریق کارروائیاں کی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔
گزشتہ روز بنوں میں سکیورٹی فورسز پر حملے کے تانے بانے افغانستان کے گل بہادر گروپ سے جوڑے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بنوں میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے بڑے سانحے کو روکا۔ دہشتگردوں کے معصوم شہریوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے ناپاک عزائم ناکام بنائے گئے۔
فورسز نے آپریشن کے دوران خودکش حملہ آور کو روک لیا، جس کے نتیجے میں خوارج نے بارود سے بھری گاڑی کو اگلے دستے کی گاڑی سے ٹکرا دیا۔ حملے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوئے جبکہ پانچ خوارج مارے گئے۔















