جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سندھ، بلوچستان ہائیکورٹس کے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ جج کی تعیناتی پر غور ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس 2 دسمبر کو سپریم کورٹ میں منعقد ہوں گے۔ تین اجلاسوں میں مستقل ججز کی تعیناتی اور سندھ و بلوچستان ہائیکورٹس کے لیے چیف جسٹس کے ناموں کی منظوری دی جائے گی۔
اجلاسوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، پہلا اجلاس 1:30 بجے، دوسرا 2 بجے اور تیسرا 2:30 بجے دوپہر ہوگا۔ پہلے اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی نامزدگی پر غور ہوگا، جہاں تین سینئر ججز کے ناموں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسرے اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تعیناتی پر غور ہوگا، جبکہ تیسرے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ایک جج کی سپریم کورٹ میں تقرری پر غور ہوگا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ججز میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہیں۔















