دبئی میں دنیا کی سب سے بڑی آٹو مارکیٹ کے منصوبے کا آغاز کیا گیا، جس کا مقصد 2033 تک معیشت کو دگنا کرنا ہے۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دبئی نے دنیا کی سب سے بڑی اور جدید آٹو مارکیٹ کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم نے اس منصوبے کا افتتاح کیا اور کہا کہ اس آٹو مارکیٹ کا مقصد 2033 تک دبئی کی معیشت کو دگنا کرنا ہے۔
دبئی کی موجودہ آٹو ٹریڈنگ کی مالیت 6.8 بلین درہم ہے جسے دگنا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ مارکیٹ کا رقبہ 2 کروڑ 20 لاکھ اسکوائر فٹ ہوگا جو سالانہ 8 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی لین دین کرسکے گی۔
دبئی آٹو مارکیٹ میں 1,500 سے زائد شورومز، مخصوص ورکشاپ زونز، گودام، ملٹی اسٹوری پارکنگ، آکشن ہاؤس، کنونشن سینٹر، ہوٹل، ریٹیل اور فوڈ اینڈ بیوریج آؤٹ لیٹس شامل ہوں گے۔
گاڑیوں کی مارکیٹ کا منصوبہ دبئی کی تجارتی بندرگاہ جبل علی کے زیر انتظام ہوگا اور یہ الیکٹرک، ہائبرڈ اور روایتی گاڑیوں کی عالمی تجارت کو ایک جگہ سمیٹے گی، جو افریقہ، مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیا کے بازاروں کو براہ راست جوڑے گی۔













