ارشد ندیم نے اسلامی یکجہتی گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے معروف جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اسلامی یکجہتی گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ سعودی عرب میں منعقدہ اسلامی یکجہتی گیمز کے فائنل میں ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی شاندار تھرو کر کے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ ارشد ندیم کی مسلسل دوسری بار اسلامی یکجہتی گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کی کامیابی ہے، جس سے پاکستان کا نام روشن ہوا ہے۔ انہوں نے پہلے راؤنڈ میں 75.44 میٹر کی تھرو کر کے برتری حاصل کی۔
دوسرے راؤنڈ میں بھی ارشد نے 83.05 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ اپنی برتری برقرار رکھی جبکہ یاسر سلطان نے 74.43 میٹر تھرو کی۔ ارشد نے تیسرے راؤنڈ میں 82.48 میٹر کی تھرو کر کے اپنی پہلی پوزیشن مضبوط کی۔
چوتھے راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 77.06 میٹر کی تھرو کی اور یاسر سلطان نے 73.78 میٹر کی تھرو کی۔ فائنل میں یاسر سلطان نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ پاکستان کا یہ اسلامی یکجہتی گیمز میں پہلا گولڈ اور سلور میڈل ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ارشد ندیم کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور ان کی جیت پاکستان کی فتح ہے۔















