اسلام آباد میں دبئی طرز کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہوگا، منصوبے میں سیون اسٹار ہوٹل اور جدید سہولیات بھی شامل ہوں گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک جام کے مسائل حل کیے جا سکیں۔
حکام کے مطابق سیکٹر ڈی 12 میں دبئی طرز کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ منصوبے کو ایک سال میں مکمل کیا جائے۔
اس منصوبے میں سیون اسٹار ہوٹل کی تعمیر بھی شامل ہوگی، جو بین الاقوامی ٹیموں کے رہائش کی سہولیات فراہم کرے گا۔ جدید پارکنگ، سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ سہولتیں بھی منصوبے کا حصہ ہوں گی۔ دبئی اسپورٹس کمپلیکس جیسی خصوصیات اسلام آباد میں متعارف کروائی جائیں گی۔















