پاکستان اور انڈونیشیا کی افواج نے کامیابی سے انسداد دہشت گردی مشترکہ مشق مکمل کرلی۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اور انڈونیشیا کی افواج نے انسداد دہشت گردی آپریشنز کی تربیت کے لیے مشترکہ مشق کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق، مشترکہ فوجی مشق ‘شاہین اسٹرائیک–ٹو’ 8 سے 19 نومبر تک جاری رہی۔
بیان کے مطابق، اس مشق کا بنیادی مقصد انسداد دہشت گردی آپریشنز کی تربیت تھا، جس میں پاکستان آرمی اور انڈونیشین آرمی کی خصوصی جنگی ٹیموں نے حصہ لیا اور تمام تربیتی مقاصد کامیابی سے حاصل کر لیے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مشق کا باضابطہ اختتام 18 نومبر کو ہوا، جس میں پاکستان کی جانب سے ایک جنرل آفیسر مہمان خصوصی تھے، جبکہ انڈونیشیا کی جانب سے سینئر فوجی حکام نے شرکت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ مشترکہ مشق کے دوران دونوں ممالک کے دستوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل قابلیت اور بھرپور ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ تربیت میں بلٹ اپ ایریاز میں کارروائیوں، دہشت گردی مخالف تکنیکوں اور آئی ای ڈیز کے تدارک سے متعلق جدید طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ‘شاہین اسٹرائیک–II’ نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔















