راولپنڈی عدالت نے عمران خان کی ذاتی معالجین سے علاج کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے کہا جیل رولز کے تحت علاج جاری ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی ذاتی معالجین سے علاج کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت کے جج سید امجد علی شاہ نے اس درخواست کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان کا طبی معائنہ ان کے ذاتی ڈاکٹرز ڈاکٹر عاصم، ڈاکٹر خرم اور ڈاکٹر ثمینہ سے کرایا جائے، کیونکہ یہ ان کا آئینی، قانونی اور اخلاقی حق ہے۔
دلائل میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی ذاتی معالج دستیاب تھے اور جیل قوانین کے تحت انتظامیہ کو کسی بھی میڈیکل چیک اپ کے بارے میں فیملی کو آگاہ کرنے کی پابندی ہے۔
سماعت کے بعد وکیل صفائی فیصل ملک نے کہا کہ عمران خان کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنے ذاتی معالجین سے علاج کروائیں۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کا علاج جاری ہے۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جیل رولز کے تحت ملزم عمران خان کا علاج جاری ہے، لہذا ان کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔














