مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد دھماکے کی شدید مذمت کی، ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھائے اور مؤثر نظام تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں ہونے والے دہشتگرد دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور اس کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور انسانیت کے دشمن ہیں اور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بعد اب اسلام آباد میں بھی دہشتگرد کارروائیاں ہو رہی ہیں، جس سے یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ ملک کا کوئی حصہ دہشتگردوں سے محفوظ نہیں۔
انہوں نے ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ انٹیلیجنس ایجنسیوں کی موجودگی کے باوجود دارالحکومت میں مقدس دن کو خون آلود ہونا سنگین ناکامی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینے والے عناصر کی مجرمانہ ذہنیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور صرف حکومتی بیانات پر انحصار کر کے قوم کو مطمئن نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ادارے سیاسی مداخلت سے آزاد ہو کر امن و امان کے تحفظ پر توجہ دیں اور مؤثر نظام تشکیل دیا جائے۔ مولانا فضل الرحمان نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔














