الیکشن کمیشن نے کہا کہ حکومتیں بلدیاتی انتخابات بروقت کرانے میں سنجیدہ نہیں، جس سے جمہوریت اور عوامی سہولیات متاثر ہو رہی ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) الیکشن کمیشن پاکستان نے بیان دیا ہے کہ کوئی بھی حکومت بلدیاتی انتخابات بروقت کرانے میں سنجیدہ نہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ نظام ملکی جمہوری اداروں کا اہم ستون ہے، جو مقامی سطح پر عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ تاہم بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کو الیکشن کمیشن نے قومی مسئلہ قرار دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے حکومت کو سفارش کی ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 219 میں ترمیم کی جائے، تاکہ مقامی حکومتوں کی مدت پوری ہونے پر فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں اور کسی قانونی یا انتظامی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صرف الیکشن کمیشن کی نہیں بلکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ آئینی ذمہ داری ہے۔ بروقت انتخابات نہ ہونے سے مقامی سطح پر جمہوریت کمزور ہوتی ہے، جس کا براہ راست نقصان عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔














