کورین پاپ اسٹار نانا نے اپنی والدہ کی مدد سے گھر میں گھسنے والے ڈکیت کو قابو کرلیا، دونوں زخمی ہوکر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
سیئول: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کورین پاپ اسٹار نانا نے اپنی والدہ کی مدد سے گھر میں گھسنے والے ڈکیت کو قابو کرلیا۔ دونوں زخمی ہوکر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس نے بتایا ہے کہ تقریباً 30 سالہ شخص قیمتی سامان چوری کرنے کے ارادے سے نانا کے سیئول کے مضافاتی گھر میں داخل ہوا، مگر مزاحمت کے باعث نہ صرف ناکام ہوا بلکہ گرفتار بھی ہوگیا۔
گوری پولیس اسٹیشن کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ نانا اور ان کی والدہ نے مزاحمت کے دوران حملہ آور کو دبوچ لیا جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص پر سنگین ڈکیتی کا مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔ نانا اور ان کی والدہ ڈکیت سے لڑائی کے دوران شدید زخمی ہوئیں اور اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
34 سالہ نانا، جن کا اصل نام ام جن آہ ہے، پہلے گرل گروپ آفٹر اسکول کی ذیلی یونٹ ‘اورنج کیرامل’ کا حصہ تھیں اور بعد ازاں انہوں نے اداکاری میں بھی کامیابی حاصل کی۔







