وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سول سروسز اصلاحات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، افسران کی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی و مالی فوائد کی سفارشات دیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سول سروسز اصلاحات اور وزارتوں میں کارکردگی کی جانچ کے نظام کی سفارشات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے افسران کی کارکردگی کی جامع جانچ کی بنیاد پر ترقی، مالی فوائد اور دیگر سہولیات کے نظام کی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سول سروسز اصلاحات ملکی معاشی و معاشرتی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں اور یہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کی اصلاحاتی پالیسیز کا ثمر عوام تک پہنچانے کے لیے سول سروسز ایک بنیادی ڈھانچے کا کردار ادا کرتی ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔














