عمان نے تخلیقی افراد کے لئے نیا دس سالہ ثقافتی ویزا متعارف کرایا ہے جس کا مقصد بین الاقوامی ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
مسقط: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عمان نے غیر ملکی فنکاروں، محققین اور تخلیقی افراد کے لئے دس سالہ قیام کی اجازت دینے والا نیا ثقافتی ویزا متعارف کرایا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی ثقافتی تبادلے، تحقیقی تعاون اور فنی و علمی تقریبات میں شرکت کو فروغ دینا ہے۔
یہ ویزا ان غیر ملکیوں کے لئے ہے جو ثقافتی تبادلے، فنون کی تربیت، علمی یا تحقیقی تعاون، ادبی کانفرنسوں اور ثقافتی میلوں میں شرکت کے لئے عمان آنا چاہتے ہیں۔ ویزا کی مدت ایک، پانچ یا دس سال کے لئے ہو سکتی ہے، جبکہ فیس 50 عمانی ریال فی سال مقرر کی گئی ہے۔
عمان کی پولیس کے مطابق ویزا متعلقہ حکام کی درخواست پر جاری ہوتا ہے، جن میں وزارتِ ثقافت، کھیل اور نوجوان، تعلیمی ادارے اور ثقافتی مراکز شامل ہیں۔
یہ اقدام عمان کی سال 2040 کی ثقافتی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد کھلے اور عالمی طور پر منسلک علمی معاشرے کا قیام ہے۔















