پاکستان کی نئی پالیسی میں موبائل فون درآمدات پر 5% لیوی سے 368 ملین ڈالر جمع ہوں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے 2026-33 کے لیے نئی الیکٹرانک ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کے تحت موبائل فون اور الیکٹرانک ڈیوائسز کی درآمد پر 5% تک لیوی عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔ حکومت توقع کرتی ہے کہ اس لیوی کے ذریعے 368 ملین ڈالر جمع ہوں گے جو مقامی سطح پر موبائل فون مینوفیکچرنگ کی ترقی پر خرچ کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان کی زیر صدارت ایک اجلاس میں نئی پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے سی ای او حماد منصور اور موبائل فون مینوفیکچررز کے نمائندے شریک ہوئے۔ پالیسی کا مقصد موبائل فونز کی 50% مقامی تیاری کو 2033 تک حاصل کرنا ہے اور 70% ای-ویسٹ ریکوری کے اہداف کو منظم نظاموں کے ذریعے یقینی بنانا ہے۔
موجودہ پالیسی کے تحت پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے مقامی اسمبلی کے لیے 37 لائسنس جاری کیے تھے، جس کے نتیجے میں پروڈکشن 2019 کے 0.1 ملین یونٹس سے بڑھ کر 30.1 ملین یونٹس تک پہنچ گئی۔















