بیرسٹر گوہر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مذاکرات کے دعوے کی تردید کی اور کہا کہ ان کا وزیر اعظم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مذاکرات اور ملاقات کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے وزیر اعظم کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 دنوں یا پورے سال میں وزیر اعظم سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر رابطہ ہوا تو عوام کو ضرور آگاہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بات چیت ایک اہم معاملہ ہے اور مذاکرات پر غیر سنجیدہ گفتگو نہ کی جائے تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔
واضح رہے کہ اختیار ولی خان نے ایک ٹی وی شو میں دعویٰ کیا تھا کہ بیرسٹر گوہر نے 10 دنوں میں 3 مرتبہ وزیر اعظم سے مذاکرات کی کوشش کی تھی۔













