وفاقی حکومت نے پاسکو کے واجبات کے تصفیے کے لیے گندم اسٹاک مینجمنٹ کمپنی قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کے واجبات کی ادائیگی کے لئے گندم اسٹاک مینجمنٹ کمپنی کے قیام کے منصوبہ کو حتمی شکل دےدی ہے۔ اس وقت حکومت پاسکو کو ختم کرکے ایک خصوصی مقصد کمپنی (ایس پی وی) کے طور پر گندم اسٹاک مینجمنٹ کمپنی بنانے کے عمل میں ہے۔ پاسکو کے مختلف ایجنسیوں سے واجبات، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے وصولی کے علاوہ بینکوں کو واجب الادا 527.65 ارب روپے کے واجبات پر بات چیت کی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے حالیہ اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے ایس پی وی کے قیام کی تجویز پیش کی۔ وزارت نے تجویز دی کہ اگر صوبے واجبات ادا نہ کریں تو براہ راست منبع سے منہا کیے جائیں۔
وزارت نے بتایا کہ پاسکو، جو کمپنیز آرڈیننس 1984 (اب کمپنیز ایکٹ 2017) کے تحت قائم کی گئی تھی، کی تحلیل کے بعد ایک نیا انتظامی نظام بنایا جائے گا۔ وزیراعظم کے دفتر نے 31 مارچ 2025 کو ہدایات جاری کیں کہ پاسکو کو ختم کرکے گندم ذخائر کے انتظام کے لیے نیا انتظامی نظام بنایا جائے۔
وفاقی حکومت نے ایس پی وی کے قیام کی منظوری دی ہے جس کا مقصد بینکوں سے طویل مدتی قرضے حاصل کرنا اور پاسکو کے بقایا واجبات کی ادائیگی کرنا ہے۔















