ترک سی-130 کارگو طیارہ جارجیا کے قریب تباہ ہوگیا، ہلاکتوں کا خدشہ۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
انقرہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترک فوج کا سی-130 کارگو طیارہ آذربائیجان سے واپسی پر جارجیا کے قریب تباہ ہوگیا، ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کا سی-130 طیارہ آذربائیجان سے جارجیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امدادی ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
ترک وزارت دفاع نے بیان میں کہا کہ جارجیا کے حکام کے تعاون سے ریسکیو اور تلاش کا کام شروع کیا گیا ہے۔ ترک کمیونیکیشنز ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ حادثے کے فوری بعد تلاش اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور عوام سے درخواست کی کہ غیرمصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔
تاحال جانی نقصان کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی لیکن ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ طیارے میں سوار افراد کی تعداد کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔













