پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل چھٹی بار جیت لیا، کویت کو فائنل میں 43 رنز سے شکست دی۔
ہانگ کانگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل چھٹی بار اپنے نام کر لیا، فائنل میں کویت کو 43 رنز سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان سب سے زیادہ مرتبہ ہانگ کانگ سکسز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔
فائنل میں کویت نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ کپتان عباس آفریدی 52 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ عبدالصمد نے 42 اور خواجہ نافع نے 22 رنز بنائے۔ کویت کی ٹیم 136 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دی تھی جبکہ کویت نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 37 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔












