ثمینہ بیگ کا کہنا ہے کہ بطور پہلی پاکستانی قطب جنوبی تک اسکیینگ کرنا ان کے لیے ایک غیر معمولی تجربہ تھا
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے جنوبی قطب تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی بن گئیں۔ ان کے بھائی محبوب علی نے رائیٹ ناوٴ نیوز کو بتایا کہ ثمینہ ایک بین الاقوامی مہم کا حصہ تھیں، جس کا انتظام ایلیٹ ایکسپیڈ نے کیا تھا۔ مہم 2 دسمبر کو پاکستان سے روانہ ہوئی اور 6 دسمبر کو یونین گلیشئر پہنچی، جبکہ ثمینہ نے 14 دسمبر کو اپنا سفر مکمل کیا۔
ثمینہ نے اپنے فیس بک پیج پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے لکھا کہ قطب جنوبی تک اسکیینگ کرنا ان کے لیے ایک غیر معمولی تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر ان کے زندگی کے سب سے مشکل اور اہم تجربات میں سے ایک تھا اور وہ امید کرتی ہیں کہ ان کی کوششیں دیگر لوگوں، خصوصاً خواتین کو اپنے خوابوں کی پیروی کرنے کی ترغیب دیں گی۔
ثمینہ بیگ نے 2013 میں ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کر کے پاکستانی خواتین میں پہلی بار یہ کارنامہ انجام دیا۔ وہ سات براعظموں کی سب سے بلند چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی بھی ہیں۔ 2023 میں، انہوں نے نائلہ کیانی کے ساتھ نانگا پربت کو سر کیا۔
ثمینہ بیگ نے اپنی کمیونٹی، ٹیم اور ہر اس شخص کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مدد کے بغیر یہ سفر ممکن نہیں ہوتا۔

![ثمینہ بیگ قطب جنوبی تک اسکینگ کرنے والی پہلی پاکستانی بن گئیں [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/12095_2025-12-16_18-37-47.webp)













