اپوزیشن اتحاد نے مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر تحریک کا اعلان کیا، علامہ ناصر عباس نے کہا کہ قوم ترمیم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اپوزیشن اتحاد نے مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف بھرپور ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ سینیٹ میں نامزد اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ تحریک کل رات سے شروع ہوگی اور قوم اس ترمیم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔
ہفتے کے روز اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی و سینیٹ میں نامزد اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ ناصر عباس نے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم سے طاقتور کو مزید طاقتور کیا جا رہا ہے اور پاکستانی قوم کو اس کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔
علامہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ پاکستان 1971 کے بعد ایک خطرناک موڑ پر کھڑا ہے اور جمہوری ادارے مفلوج کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے عوام کو ترغیب دی کہ وہ کل رات ساڑھے 8 بجے ایک نعرے کے تحت اٹھ کھڑے ہوں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئین ریاست اور باسیوں کے درمیان عمرانی معاہدہ ہوتا ہے اور آئین سے مسلسل کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تحریک کی ابتدا کریں تاکہ پارلیمنٹ کی بالادستی بحال ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا نعرہ جمہوریت زندہ باد اور آمریت مردہ باد ہوگا اور ہم قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو بتائیں گے کہ پاکستان کی عوام ہی فیصلے کرے گی اور آئین کو بالادست بنا کر پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنائیں گے۔












