نیویارک کے میئر الیکشن میں زہران ممدانی نے ارب پتیوں کی کروڑوں ڈالر کی کوششوں کے باوجود کامیابی حاصل کرلی۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیویارک کے میئر الیکشن میں ارب پتیوں کی کروڑوں ڈالر کی کوششوں کے باوجود زہران ممدانی نے کامیابی حاصل کرلی۔ 34 سالہ مسلم امیدوار نے سابق گورنر اینڈریو کومو سمیت کئی مضبوط حریفوں کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس بار تقریباً دو ملین ووٹروں نے ووٹ کاسٹ کیے، جو گزشتہ 50 برس میں کسی میئر الیکشن میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ہے۔ زہران ممدانی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران سستی رہائش، ٹرانسپورٹ اور یونیورسل چائلڈ کیئر جیسے منصوبے پیش کیے۔
رپورٹ کے مطابق 26 ارب پتیوں نے زہران ممدانی کو ہرانے کے لیے مجموعی طور پر 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زائد خرچ کیے، مگر ان کی تمام کوششیں بے سود رہیں۔
صرف سابق میئر مائیکل بلوم برگ نے ممدانی کے حریف اینڈریو کومو کی انتخابی مہم کے لیے 13.3 ملین ڈالر کے فنڈز دیے۔ اسی طرح ورلڈ جوئش کانگریس کے صدر رونلڈ لاوڈر اور ان کے خاندان نے 2.6 ملین ڈالر کی رقم فراہم کی۔
الیکشن کے بعد معروف ارب پتی بِل ایکمین نے بھی نئے میئر کو باقاعدہ تعاون کی پیشکش کر دی ہے، جبکہ نیویارک کے کئی بڑے کاروباری افراد نے ممدانی کی کامیابی کے بعد محتاط انداز میں حمایت کا اعلان کیا۔











