بارکھان میں 4.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ اور ریسکیو عملہ الرٹ۔
بارکھان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بارکھان اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے مقامی لوگوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.2 تھی اور اس کی گہرائی 25 کلومیٹر تھی، جبکہ زلزلے کا مرکز بارکھان سے 27 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔
مقامی انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو اور نگرانی کے عملے کو الرٹ کر دیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔
بارکھان انتظامیہ کے مطابق ابھی تک زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، لیکن شہریوں میں خوف برقرار ہے اور وہ حفاظتی اقدامات اختیار کرنے میں مصروف ہیں۔
مقامی حکومت نے عمارتوں میں ممکنہ نقصان کے جائزے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور بلا ضرورت باہر نہ نکلیں۔












