کینیا کی تروفینا متھونی نے درخت کو 72 گھنٹے گلے لگا کر نیا ریکارڈ بنایا، ماحولیات کے تحفظ کا پیغام دیا۔
نیری، کینیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کینیا کی معروف ماحولیاتی کارکن تروفینا متھونی نے 72 گھنٹے تک درخت کو گلے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ اپنے سابقہ 48 گھنٹے کے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے انجام دیا اور ماحول کے تحفظ کا پیغام عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
متھونی نے نیری قصبے کے سرکاری احاطے میں موجود ایک قدیم درخت کا انتخاب کیا۔ ان کے حامی اور معاونین ہر لمحہ ان کی ہمت بڑھاتے رہے، جبکہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مبصرین بھی موجود تھے۔
متھونی نے اس چیلنج کو انسانیت کو جگانے والا پرامن پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ درخت کو گلے لگانے کا یہ علامتی احتجاج یکجہتی کی علامت ہے۔
ان کا مخصوص لباس بھی توجہ کا مرکز رہا جو افریقی طاقت، جنگلات کی بحالی اور مقامی کمیونٹیز کی جدوجہد کی نمائندگی کرتا تھا۔
تروفینا متھونی کا کہنا تھا کہ وہ اس اقدام کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی اور جنگلات کی تیزی سے ہونے والی کٹائی کے خطرات کے بارے شعور بیدار کرنا چاہتی ہیں۔















