چین کے ڈرون کیریئر ‘جیو تیان’ نے کامیاب تجربہ مکمل کر لیا، دفاعی ماہرین حیران۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین کے دیوہیکل فضائی ڈرون کیریئر ‘جیو تیان’ نے اپنی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ یہ جدید ڈرون شمال مغربی صوبے شانشی میں فضا میں بلند ہوا، تاہم پرواز کی درست تاریخ ظاہر نہیں کی گئی۔
جیو تیان کو ریاستی ایروسپیس ادارے AVIC کے ماتحت فرسٹ ائیرکرافٹ انسٹیٹیوٹ نے تیار کیا ہے، جو خودکار، مربوط اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیزائن کا حامل ہے۔ اس میں زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت، طویل پرواز، وسیع رینج اور مختصر فاصلے میں ٹیک آف اور لینڈنگ کی خصوصیات شامل ہیں۔
یہ ڈرون 100 تک خودکش ڈرونز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جو اس کے دونوں جانب موجود لانچ پوائنٹس سے چھوڑے جا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، یہ پلیٹ فارم 8 ہارڈ پوائنٹس پر مختلف ہتھیار اور آلات بھی اٹھا سکتا ہے اور انٹیلی جنس، سرویلنس، ریکانائسنس (ISR) اور الیکٹرانک وارفیئر کے مشن انجام دے سکتا ہے۔
چینی فوجی تجزیہ کار سونگ ژونگ پِنگ نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم حقیقی معنوں میں ‘ڈرون کیریئر’ ہے جو بڑے پیمانے پر سوارم حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جیو تیان کی لمبائی 16.35 میٹر، پروں کا پھیلاؤ 25 میٹر، زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 16 ٹن اور پے لوڈ صلاحیت 6 ہزار کلوگرام ہے۔ یہ ڈرون 12 گھنٹے تک مسلسل پرواز کر سکتا ہے اور اس کی فیری رینج 7 ہزار کلومیٹر ہے۔















