ٹرمپ نے یوکرین تنازع کو تیسری عالمی جنگ تک پہنچنے کا خطرہ قرار دیا ہے، امن معاہدے کی بات چیت جاری ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین جیسے تنازعات تیسری عالمی جنگ تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین روس جنگ بندی کے روشن امکانات کی صورت میں اپنا نمائندہ جنگ بندی مذاکرات میں بھیج سکتا ہے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی امن معاہدے کے تحت روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے علاوہ یوکرین کے عوام اس معاہدے کے تصور کو پسند کرتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امن معاہدے میں چار یا پانچ مختلف حصے شامل ہیں اور یہ پیچیدہ ہے کیونکہ زمین کو مخصوص طریقے سے تقسیم کرنا پڑ رہا ہے۔
یوکرینی صدر نے بتایا کہ امریکا نے انہیں ڈونباس میں آزاد اقتصادی زون بنانے کی تجویز دی ہے اور روس بھی ڈونباس پر مکمل کنٹرول چاہتا ہے، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے امن منصوبے سے متعلق دستاویز جلد سامنے لانے کا اعلان بھی کیا۔















