پاکستان آئیڈل کنٹسٹنٹ نے ججز اور عملے پر الزامات عائد کر دیے

پاکستان آئیڈل کے کنٹسٹنٹ ابرار شاہد نے ججز اور عملے پر غیر صحت مند ماحول کے الزامات عائد کیے ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان آئیڈل کے کنٹسٹنٹ ابرار شاہد نے ججز اور شو کے عملے پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں غیر صحت مند اور نقصان دہ ماحول میں کام کرنا پڑا، جس نے ان کی عزت اور تخلیقی صلاحیتوں کو محدود کیا۔

ابرار شاہد، جو پاکستان آئیڈل میں ٹاپ 16 تک پہنچ چکے تھے، نے فیس بک پر ایک تفصیلی بیان میں کہا کہ شو میں موسیقی، خواب اور سیکھنے کے جذبے کے ساتھ آیا، لیکن یہاں سوال پوچھنا غلط سمجھا جاتا تھا اور ہمارا فن کنٹرول کیا جاتا تھا۔

انہوں نے 9 دسمبر کے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دن احساس ہوا کہ خاموش رہنے سے خود کو کھو دوں گا، اسی لیے مقابلہ عزت کے ساتھ چھوڑنے کا فیصلہ کیا، چاہے نتیجہ ڈسکوالیفیکیشن ہو۔

ابرار شاہد نے مزید کہا کہ انہیں دھمکیاں دی گئیں کہ آواز اٹھانے پر کارروائی ہوگی، لیکن خاموش رہنا نظام کو مضبوط کرتا ہے، فنکار کو نہیں۔ مقابلہ چھوڑنا ان کی ناکامی نہیں، آزادی ہے۔

ابرار نے نوجوان گلوکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی پر ڈریں نہیں، بولیں۔ موسیقی میں جگہ لابی یا منافقت سے نہیں، اصل ٹیلنٹ سے بنتی ہے۔ پاکستان آئیڈل انتظامیہ نے ان الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

دیگر متعلقہ خبریں