پنجاب میں بیوٹیفکیشن پلان کی تکمیل کے لیے فروری سے مئی تک کا ہدف مقرر، 132 سکیمیں مکمل ہوں گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں بیوٹیفکیشن پلان کی تکمیل کے لیے فروری سے مئی تک کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پنجاب کے 39 اضلاع میں 132 بیوٹیفکیشن سکیموں کو مکمل کرنا ہے، جن کی مجموعی لاگت 16 ارب 90 کروڑ روپے ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ہر ضلع، تحصیل اور شہر کے بیوٹیفکیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بیوٹیفکیشن سکیموں کی تفصیلات اور تصاویر کا جائزہ پیش کیا گیا۔
پلان کے تحت لاہور میں 18، سرگودھا میں 6، بہاولپور میں 16، گوجرانوالہ میں 12، راولپنڈی میں 17، فیصل آباد میں 13، ملتان میں 8 اور ساہیوال میں 24 پراجیکٹس شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس میں قدیم دروازوں کی بحالی، فائبر گلاس اور ٹین سائل کور کی تنصیب، واٹر فیچر، فوارے اور مصنوعی آبشاروں کی تخلیق شامل کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے لیے ایک ڈیش بورڈ بنانے کا بھی عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہر کو خوبصورت بنانا ان کا خواب ہے اور ہر ضلع کو اینڈ ٹو اینڈ بیوٹیفائی کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔















