جنوبی کوریا نے شہریوں کو مفت آرٹیفیشل انٹیلی جنس سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو دنیا میں پہلی بار ہے، اس سے شہریوں کو صحت و مالیات میں مدد ملے گی۔
سیئول: (رائیٹ ناؤ نیوز) جنوبی کوریا نے اپنے تقریباً 5 کروڑ 20 لاکھ شہریوں کو مفت اور لامحدود آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ قدم شہریوں کو صحت، مالیات اور روزمرہ زندگی کی مشکلات میں مدد فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
حکومتی منصوبہ ‘اے آئی فار ایوری ون’ کے تحت شہریوں کو جدید چیٹ بوٹس تک رسائی دی جائے گی۔ اس منصوبے کے ذریعے جنوبی کوریا دنیا کا پہلا ملک بننے جا رہا ہے جو اے آئی کو ایک عوامی ضرورت کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔
جنوبی کوریا کی سائنس اور آئی سی ٹی کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ اس منصوبے کے لیے 6 کمپنیوں میں سے 3 سنڈیکیٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان کو 512 نوڈیا بی 200 گرافکس پروسیسنگ یونٹس (GPUs) فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اقدام مقامی اے آئی ایکو سسٹم کو وسعت دینے کے لیے کیا گیا ہے اور حکومت نے 2027 سے اس سروس کے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
یاد رہے کہ ستمبر تک منتخب گروپس کے ساتھ معاہدے طے پانے کی توقع ہے اور بیٹا ورژن لانچ کے بعد سال کے اختتام تک یہ سروس مکمل طور پر فعال ہو جائے گی۔















