چین نے ایران پر نئی امریکی پابندیوں کو غیر قانونی قرار دے دیا، دونوں ممالک کو سفارتی حل کی تجویز دی۔
بیجنگ: (رائیٹ ناؤنیوز) چین نے ایران پر نئی امریکی پابندیوں کی سخت مخالفت کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ پابندیاں بین الاقوامی قانون کے مطابق نہیں ہیں۔ دونوں ممالک کو سفارتی ذرائع سے حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کی منظوری نہ ہونے کی وجہ سے یہ پابندیاں غیر قانونی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ فریقین سے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے لیے نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ نے بتایا کہ یہ پابندیاں ایران کے خفیہ مالیاتی نیٹ ورک کو ہدف بناتی ہیں جو تیل کی برآمدات کی رقوم منتقل کرتا ہے۔
امریکی وزیرخزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ تہران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک ایران کے ساتھ کاروبار جاری رکھیں گے، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایران پر پہلے بھی مختلف اقتصادی پابندیاں عائد ہیں جو اس کی اقتصادی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ ان پابندیوں کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام کو روکنا ہے۔













