صدر پوتن کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک کے روسی جہازوں پر قبضے کی کوششوں کا بھرپور جواب دیں گے۔ وزارت دفاع کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ماسکو: (رائیٹ ناؤ نیوز) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ اگر مغربی ممالک نے روس کے تجارتی بحری جہازوں کو قبضے میں لینے کی کوشش کی تو ماسکو بھی بھرپور جوابی کارروائی کرے گا۔ یہ بیان انہوں نے روسی بحریہ کے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔
صدر پوتن نے کہا کہ اگر مغربی ممالک نے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا تو روس کو اسی انداز میں جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ روسی ردعمل صرف مخصوص علاقوں تک محدود نہیں رہے گا۔
پوتن نے واضح کیا کہ ماسکو اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے جہاں ضروری سمجھے، اقدامات کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت دفاع کو پہلے ہی احکامات جاری کیے جا چکے ہیں اور پیسیفک فلیٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے روسی بحریہ کے اہلکاروں کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ وزارت دفاع اور پیسیفک فلیٹ کی تجاویز کے منتظر ہیں۔ یہ معاملہ قومی سلامتی کے تحفظ اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے احترام سے جڑا ہے۔
واضح رہے کہ روس اپنی قومی سلامتی کو مضبوط کرنے کے ساتھ ہمسایہ ممالک کے ساتھ قابل قبول سمجھوتوں کے لیے بھی تیار ہے، لیکن شرط یہ ہے کہ مفادات کا احترام کیا جائے۔















