واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس بلا وجہ معطل ہو رہے ہیں، متاثرہ افراد نے سوشل میڈیا پر شکایات درج کی ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے صارفین کے اکاؤنٹس بلا وجہ معطل ہو رہے ہیں۔ صارفین نے سوشل میڈیا پر شکایت کی ہے کہ گزشتہ روز ان کے اکاؤنٹس اچانک معطل کر دیے گئے۔
متاثرہ صارفین کو پیغام موصول ہو رہا ہے کہ ان کے اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اکاؤنٹ کی سرگرمی اور ڈیوائس کی معلومات کی جانچ کی جا رہی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ عموماً 24 گھنٹوں کے اندر جائزے کا نتیجہ بتا دیا جاتا ہے۔ میٹا نے تسلیم کیا کہ بعض اوقات اکاؤنٹس غلطی سے معطل ہو سکتے ہیں۔
یہ اقدامات اسپیم، دھوکا دہی اور نقصان دہ سرگرمیوں سے بچانے کے لیے ضروری ہیں۔ یہ معطلی صارفین کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ واٹس ایپ کی شرائط کے مطابق اسپیم یا فراڈ میں ملوث اکاؤنٹس معطل کیے جا سکتے ہیں۔ غلطی سے معطل اکاؤنٹس کے لیے نظرثانی کی درخواست دی جا سکتی ہے۔















